HTV Pakistan

ٹیکس ادا کریں یا نتائج بھگتنے کیلئے تیار رہیں

پڑھنے کا وقت: 2 منٹ

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت ایمنسٹی اسکیم کی 30 جون کی آخری تاریخ میں توسیع نہیں کرے گی، عوام اپنے اثاثے ظاہر کردے یا سزا کے لیے تیار ہوجائے۔
نجی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے تمام ڈیٹا اکٹھا کرلیا ہے جو کبھی گزشتہ حکومتوں میں نہیں ہوا اور بے نامی بینک اکاؤنٹس اور اثاثوں کے حوالے سے قانون بھی مرتب دے دیا ہے، جس کے تحت غیر ظاہر شدہ اثاثوں کو ضبط کرنے کے علاوہ اس پر سزا بھی دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ‘دنیا کی سب سے بُری بیماریاں کینسر، ذیابیطس اور دل کی بیماریاں ہیں جو ذہنی دباؤ کی وجہ سے ہوتی ہیں، آئندہ دنوں میں ہم عوام سے ٹیکس اکٹھا کریں گے اور ٹیکس چوروں کو سزا دیں گے، ہمیں آپ کے غیر ظاہر شدہ اثاثے ضبط کرنے ہوں گے، اپنی زندگی آسان بنائیں اور اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھائیں جو ملک کو بھی معاشی بحران سے نکالنے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں آپ کی پریشانیوں کو بھی کم کرے گا’۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان انتہائی مشکل وقت سے گزر رہا ہے، ہمارے عوام دنیا میں سب سے کم ٹیکس دینے والے عوام میں سے ہیں، جبکہ ہمارا ٹیکس کا نصف سے زائد پیسہ غیر ملکی قرضوں اور سود ادا کرنے میں چلا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے پاس اس وقت کوئی آپشن نہیں ہے، یا تو ٹیکس ادا کرنے والے بن جائیں، یا نتائج کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوجائیں’۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی صورتحال اس نہج پر کرپشن اور ٹیکس ادا نہ کرنے کی وجہ سے پہنچی ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے ٹیکس کا پیسہ ماضی کی طرح حکمرانوں کے بجائے ان ہی پر خرچ کیا جائے گا۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*