• Breaking News

    بیوی کی اجازت کے بغیر تیسری شادی کرنے والے شوہر کی سرعام پٹائی



    شادی کا دن ویسے تو کسی بھی شخص کے لیے اس کی زندگی کا سب سے خوبصورت، خاص اور یادگار دن ہوتا ہے لیکن کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک شہری کے لیے یہ دن اس کی زندگی کا شاید سب سے بدترین دن بن گیا۔
    کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ہونے والی ایک ولیمے کی تقریب دلہے کے لیے اس وقت وبال جان بن گئی جب اس کی پہلی اہلیہ بچے سمیت وہاں پہنچ گئیں۔
    خاتون کے وہاں پہنچنے پر دلہن کے گھر والے حیران رہ گئے اور معاملے پر بات کرنے کے لیے خاتون کو کمرے میں لے گئے، تاہم اس پورے واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
    ویڈیو میں دیکھا گیا کہ دلہے کی پہلی اہلیہ تقریب میں چیخ پکار کرکے اس شادی کو روکنے کی کوشش کرتی ہے اور دلہن کے گھر والوں کو یہ بتاتی ہے کہ وہ آصف کی پہلی بیوی ہیں جبکہ اس نے ایک اور خاتون سے دوسری شادی بھی کی ہوئی ہے۔
    آصف کی پہلی اہلیہ نے بتایا کہ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ تین دن کے لیے حیدرآباد جارہے ہیں جبکہ ساتھ ہی انہوں نے یہ دعویٰ کیا کہ وہ بغیر اجازت تیسری شادی کررہا ہے۔
    دلہے کی سابقہ شادیوں کے بارے میں معلوم ہونے پر دلہن کے عزیز، جو دلہا کو اس واقعے سے کچھ دیر قبل تک عزت دے رہے تھے، انہوں نے سچائی سامنے آنے کے بعد دُلہا کی خوب پٹائی لگائی۔
    ساتھ ہی واقعے کے بارے میں پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے شادی ہال سے آکر دلہے کو حراست میں لے لیا۔
    خیال رہے کہ مسلم فیملی آرڈیننس 1961 کے تحت پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والے کو قید اور جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔
    دوسری جانب یہ رپورٹس بھی سامنے آئیں کہ پولیس نے دونوں فریقین کو مذکورہ معاملے پر عدالت جانے کا مشورہ بھی دیا۔
    ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق پولیس نے معمول کی کارروائی کے بعد آصف کو واپس بھیج دیا جس کے بعد مشتعل ہجوم نے ایک مرتبہ پھر آصف کا پیچھا کیا جس کے بعد وہ جان بچانے کے لیے بس کے نیچے چھپ گئے، تاہم پھر کچھ لوگوں نے انہیں بچایا۔
    علاوہ ازیں تھانے کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے دُلہے کی دوسری اہلیہ نے بھی الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس (آصف) کا سلوک اچھا نہیں تھا۔
    انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ آصف انہیں اکثر چھوڑنے اور دوبارہ شادی کرنے کی دھمکیاں دیتا تھا۔
    تاہم دُلہے آصف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے تشدد کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کروادیا ہے جبکہ یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ اپنی پہلی اہلیہ سے علحیدگی اختیار کرچکے ہیں۔

    کوئی تبصرے نہیں