آرمی چیف ایک روزہ دورے پر کویت پہنچ گئے، سیاسی و فوجی قیادت سے ملاقات



چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک روزہ سرکاری دورے پر کویت پہنچ گئے جہاں انہوں نے کویت کی سیاسی و فوجی قیادت سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کویت کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شیخ احمد منصور الاحمد الجابر الصباح، کویت کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹننٹ جنرل محمد خالد الخضر اور انڈر سیکریٹری نیشنل گارڈ لیفٹیننٹ جنرل اسٹاف انجینئر ہاشم عبدالرزاق الرفیعہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون اور خطے کے امن و استحکام کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کویت کی سیاسی اور عسکری قیادت نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ قابلیت اور دہشت گردی سے نمٹنے میں پاکستانی قوم کے عزم کو سراہا۔
بیان کے مطابق دونوں فریقین نے دفاع اور سیکیورٹی کے متعدد شعبوں، دفاعی مصنوعات کی برآمد، تربیت، تربیت یافتہ افرادی قوت/انسانی وسائل کی فراہمی اور دہشت گردی کے خاتمے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اس سے قبل آرمی ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر کویت کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمد خالد الخضر نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیا۔
جس کے بعد کویتی فوج کے چاق و چوبند دستے نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

کوئی تبصرے نہیں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.