• Breaking News

    پاکستان میں کورونا کے 3709 نئے کیسز، 94 اموات کا اضافہ



    پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز آنے کا سلسلہ جاری ہے تاہم اس کی تعداد میں کچھ حد تک کمی دیکھنے میں آرہی ہے اور اب تک ملک میں مجموعی طور پر دو لاکھ ایک ہزار 414 لوگ متاثر جبکہ 4 ہزار 98 لوگ زندگی کی بازی ہارچکے ہیں۔

    ملک بھر میں آج (27 جون) کو مجموعی طور پر 3 ہزار 709 نئے کیسز اور 94 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ 2 ہزار 738 لوگ وائرس سے شفایاب ہوگئے۔

    خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کو 4 ماہ کا عرصہ مکمل ہوچکا ہے اور اس عرصے کے دوران 4 ہزار سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں جو باعث تشویش ہے۔

    تاہم حکومت کی جانب سے اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مختلف حکمت عملی اپنائی جارہی ہے اور اس وقت حکومت اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل کر رہی ہے۔

    اسمارٹ لاک ڈاؤن میں پورے ملک یا شہر میں لاک ڈاؤن کے بجائے ان مخصوص علاقوں کو سیل کیا جاتا ہے جو وائرس کے ہاٹ اسپاٹ (زیادہ متاثر علاقے) ہیں۔

    یاد رہے کہ 26 فروری 2020 کو ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد ملک بھر میں یہ وائرس پھیل گیا اور مارچ کے آخر تک کیسز کی تعداد لگ بھگ 2 ہزار اور اموات 26 تک پہنچ گئیں۔

    اپریل میں کیسز کی تعداد میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور یہ مہینے کے آخر تک ساڑھے 16 ہزار سے زائد جبکہ اموات 385 تک جاپہنچیں، جس کے بعد مئی کا مہینہ اس وائرس کے لیے صورتحال مکمل تبدیل کرنے کا باعث بنا اور ایک ماہ میں کیسز بڑھ کر 71 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 1500 سے بڑھ گئی۔

    جون کے مہینے میں گزشتہ ماہ کا تسلسل جاری رہا تاہم اس میں مزید تیزی آگئی اور گزشتہ 26 دنوں کے درمیان کیسز کی تعداد میں تقریباً ایک لاکھ 26 ہزار اور اموات میں 2500 تک کا اضافہ رپورٹ ہوا۔

    آج (27 جون) کو پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید نئے کیسز اور اموات کی تصدیق کی گئی۔

    سندھ

    صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 1949 نئے کیسز اور 38 اموات کا اضافہ ہوا۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 949 لوگ کورونا سے متاثر ہوئے، جس کے بعد مجموعی کیسز 78 ہزار 267 ہوگئے۔

    ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 38 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے مجموعی اموات 1243 ہوگئیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس وقت 696 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 116 وینٹی لیٹرز پر موجود ہیں۔

    پنجاب

    پنجاب میں کورونا وائرس نے مزید 893 افراد کو متاثر کیا جبکہ 27 لوگ زندگی کی بازی ہار گئے۔

    سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتاتے کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 893 لوگ وائرس کا شکار ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 72 ہزار 880 ہوگئی۔

    اسی طرح صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 27 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اس طرح مجموعی اموات 1656 تک پہنچ گئیں۔

    اسلام آباد

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کی وبا کے مزید 225 نئے کیسز اور ایک موت کا اضافہ ہوا۔

    سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 225 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 12 ہزار 206 تک پہنچ گئی۔

    مزید یہ کہ کورونا وائرس کا ایک اور مریض انتقال کرگیا جس کے بعد یہ تعداد 119 سے بڑھ کر 120 ہوگئی۔

    خیبر پختونخوا

    محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 437 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 25 ہزار 380 ہوگئی۔

    صوبے میں مزید 24 مریض وائرس کا شکار ہو کر دم توڑ گئے جس کے بعد خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد 914 ہوگئی ہے۔

    بلوچستان

    محکمہ صحت بلوچستان نے ہفتہ کو کورونا کے مزید 145 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہزار 261 ہوگئی۔

    صوبے میں مزید ایک مریض وائرس سے جانبر نہ ہوتے ہوئے دم توڑ گیا جس کے بعد بلوچستان میں اموات کی تعداد 114 ہوگئی ہے۔

    گلگت بلتستان

    کورونا وائرس نے گلگت بلتستان کو بھی متاثر کیا ہے اور وہاں آج مزید 19 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوگئی۔

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے 19 کیسز کے بعد گلگت بلتستان میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک ہزار 417 تک پہنچ گئی۔

    آزاد کشمیر

    پاکستان میں اب تک اس وائرس سے سب سے کم متاثر آزاد کشمیر کا علاقہ ہے، تاہم اب وہاں کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

    آزاد کشمیر میں گزشہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 41 افراد متاثر ہوئے جبکہ 3 کا انتقال ہوا۔

    اس طرح وہاں اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 1003 ہوگئی جبکہ نئی اموات سے مجموعی طور پر انتقال کرنے والوں کی تعداد 28 تک پہنچ گئی۔

    صحتیاب افراد

    تاہم ملک میں اس وائرس کے نئے کیسز کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ہی اس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 2 ہزار 738 افراد ایسے تھے جو وائرس سے مکمل شفایاب ہوگئے ہوں۔

    ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد ملک میں اب تک مجموعی طور پر وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 84 ہزار 168 سے بڑھ کر 86 ہزار 906 ہوگئی۔

    مجموعی صورتحال

    ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

    مصدقہ کیسز: 201414

    اموات: 4098

    صحتیاب: 86906

    فعال کیسز: 110410

    ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 78 ہزار 267 ہیں تو وہیں پنجاب میں 72 ہزار 880 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔

    صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 25 ہزار 380 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار 261 ہے۔

    علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 12 ہزار 206، گلگت بلتستان میں 1417 اور آزاد کشمیر 1003 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

    ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

    پنجاب: 1656

    سندھ: 1243

    خیبرپختونخوا: 914

    بلوچستان: 114

    اسلام آباد: 120

    آزاد کشمیر: 28

    گلگت بلتستان: 23

    پاکستان میں کورونا وائرس

    خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

    تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک ایک لاکھ 95 سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

    پاکستان میں اموات

    ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

    تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی تھی جبکہ اب تک مجموعی اموات 4000 سے بڑھ گئی ہیں۔

    کوئی تبصرے نہیں