HTV Pakistan

ایسے کردار کرنا چاہتی ہوں جو دیکھنے والوں کے دل میں اُتر جائیں: مریم انصاری

پڑھنے کا وقت: 3 منٹ

ٹی وی کی معروف اداکارہ کی ثاقب اسلم دہلوی سے گپ شپ
آج ہم جس فنکارہ کی بات کر رہے ہیں وہ نہ کسی تعارف کی محتاج ہیں نہ ہی تعریف کی۔ ان کا نام ہے مریم انصاری۔ مریم ٹی وی ایسی خوبصورت اور ہر دلعزیز فنکارہ ہیں جو محنت، خلوص اور لگن پر یقین رکھتی ہیں۔ گزشتہ دنوں ہم نے ان کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا جس میں ہونے والی گفتگو آپ کے لئے پیش کر رہے ہیں۔

سوال: آپ سب سے پہلے ہمیں اپنے شوبز کیرئیر کے بارے میں کچھ بتائیں؟
مریم انصاری: میں نے ڈرامہ سیریل ’’چادر‘‘ سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔ یہ میرا پہلا پروجیکٹ تھا۔ آغاز میں مجھے ایکٹنگ نہیں آتی تھی اس لئے مشکل پیش آئی مگر میں نے ہمت نہیں ہاری اور خوب محنت سے کام کیا اور آگے بڑھتی گئی۔ آگے جا کر میں ڈرامہ ’’دل لگی‘‘ کیا۔ اسی سے مجھے شہرت حاصل ہوئی۔ اس میں میرے کام کو بہت زیادہ پسند کیا گیا۔
سوال: آپ کے خیال میں کیا ایک اداکار کی شناخت صرف لیڈنگ رول ادا کرنے سے ہی بنتی ہے؟
مریم انصاری: میرے خیال میں ایسا ضروری نہیں ہے۔ میں تو یہ مانتی ہوں کہ جو کریکٹر آپ کو مل جائے، اگر آپ اس میں خود کو ڈھال لیں تو آپ کا کام خود ہی منفرد بن جاتا ہے۔ یہ ضروری نہیں کہ آپ کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے لئے لیڈنگ رول ہی ملے۔ اصل بات یہ ہوتی ہے کہ آپ جو کام کر رہے ہیں، وہ کس انداز میں کر رہے ہیں۔ اگر آپ میں صلاحیتیں ہیں تو ان کا اظہار ایک چھوٹے رول میں بھی کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں! عاجزی پسند ہے، سب کا احترام کرتی ہوں: آمنہ ملک

سوال: آپ کو شوبز میں کتنا عرصہ ہو چکا ہے؟
مریم انصاری: جی! مجھے اس فیلڈ میں آئے ہوئے چار سال سے زیادہ عرصہ ہو چکا ہے۔
سوال: ان دنوں آپ کے کون کون سے ڈرامے آن ائیر ہیں؟
مریم انصاری: ان دنوں جو میرے پروجیکٹس آن ایئر ہیں، ان میں سب سے اہم تو ’’رومیو ویڈز ہیر‘‘ہے جب کہ اس کے ساتھ ایک اور ڈرامہ بھی آن ائیر ہے۔
سوال: آپ اب تک کتنے پروجیکٹس میں کام کر چکی ہیں؟
مریم انصاری: الحمد اللہ، میں اب تک چھبیس سے زائد پروجیکٹس کر چکی ہوں۔

یہ بھی پڑھیں! ہمارا ڈرامہ حقیقت پرمبنی ہے: اداکارہ کرن تعبیر

سوال: آپ کس قسم کے کردار ادا کرنے کی خواہش مند ہیں؟
مریم انصاری: میں ایسے کردار ادا کرنا چاہتی ہوں جو عجیب وغریب ہوں یعنی وہ ایسے کردار ہوں جن میں کچھ نیا سامنے آئے۔ آپ کو ان میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کے لئے محنت کرنی پڑے۔۔۔ ایسے کردار جو دیکھنے والوں کے ذہنوں پر نقش ہو جائیں، ان کے دل میں اُتر جائیں اور انہیں مدتوں یاد رہیں۔
سوال: آپ کے خیال میں ڈرامے کی کامیابی کا انحصار کس پر ہوتا ہے؟
مریم انصاری: ویسے تو ایک ڈرامے کی تکمیل میں سارے سٹاف کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے۔ آپ ٹیم کے کسی بھی ممبر کی اہمیت سے انکار نہیں کر سکتے لیکن ہدایت کار اور مصنف کا کردار دوسرے سٹاف ممبرز سے زیادہ اہم ہوتا ہے کیونکہ انہیں سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے، اس لئے ان کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے اور جب ذمہ داری بڑھتی ہے تو اہمیت خود بخود ہی زیادہ ہو جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں! ہمیشہ وہی کام کیا جو میری پہچان بن سکے: سویرا ندیم

سوال: مستقبل کے لئے آپ کی کیا پلاننگ ہے؟
مریم انصاری: مجھے ابھی بہت آگے تک جانا ہے۔ مزید ڈرامے کرنے ہیں۔ شوبز انڈسٹری میں منفرد مقام حاصل کرنا اور دوسروں کے لئے رول ماڈل بننا ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*