.....................
HTV Pakistan
بنیادی صفحہ » خبریں » پاکستان سے » ' وزیراعظم کامیاب نوجوان پروگرام' کی منظوری

' وزیراعظم کامیاب نوجوان پروگرام' کی منظوری

پڑھنے کا وقت: 2 منٹ

وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے ، آسان شرائط پر قرضے اور ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ‘ وزیراعظم کامیاب نوجوان پروگرام’ کی منظوری دے دی۔
ایچ ٹی وی پاکستان کے مطابق وزیراعظم نے ‘ وزیراعظم کامیاب نوجوان پروگرام’ کے سلسلے میں منعقد اجلاس میں منظوری کا فیصلہ کیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے شرکا کو پروگرام سے متعلق بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں یوتھ سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا لیکن مناسب حکمت عملی نہ ہونے کی وجہ سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے۔
عثمان ڈار نے کہا کہ ‘ وزیراعظم کامیاب نوجوان پروگرام ‘ کے تحت نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع، تعلیم اور ہنر مند بنانے کے لیے مختلف اسکیمیں متعارف کروائی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی سے متعلق بنیادی خاکہ مرتب کیا گیا ہے، اس سلسلے میں ایک نیشنل یوتھ کونسل بھی تشکیل دی جا چکی ہے۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعظم یوتھ پلس پورٹل تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت نوجوانوں سے ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے رائے اور تجاویز حاصل کی جاسکیں گی۔
اس پروگرام کے تحت نیشنل یوتھ ڈیولمپنٹ انڈیکس بھی تشکیل دی جائے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت 40 سے زائد مختلف شعبہ جات کی نشاندہی کی جاچکی ہے جس میں نوجوان صوبائی حکومتوں کے ساتھ اشتراک سے مستفید ہوسکیں گے۔
عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لیے مختلف اسکیمیں بھی متعارف کروائی جائیں گی جس میں یوتھ اکنامک ڈیولمپنٹ اسکیم، وزیراعظم گرین یوتھ موومنٹ، وزیراعظم اسٹارٹ اپ پاکستان، انٹرن شپ پروگرام، ہنرمند پروگرام اور کامیاب نوجوان امپلائمنٹ ایکسچینج پروگرام شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم امپلائمنٹ ایکسچینج پروگرام کی تشکیل کے لیے تعلیمی اداروں اور جامعات سے فراہم کردہ معلومات اور سروے کی بنیاد پر یوتھ ڈیٹا بیس تشکیل دیا جائے گا۔
یہ پلیٹ فارم تمام حکومتی محکموں سے منسلک ہوگا تاکہ خالی آسامیوں پر نوجوان افراد کو ملازمتیں دی جاسکیں۔
وزیراعظم اسٹارٹ اپ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو چھوٹے پیمانے پر کاروبار کے لیے آسان شرائط پر قرضے دیے جائیں گے۔
اجلاس میں بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے منظوری کے بعد وزیراعظم کامیاب نوجوان پروگرام کو کابینہ کی منظوری کے لیے جلد پیش کیا جائے گا۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*